ہاکی کی بحالی کیلیے اسکول سطح پر توجہ دیناہوگی، شہلا رضا

355

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ, منیجر سندھ وومن ہاکی ایسوسی ایشن و چیئرپرسن کراچی ہاکی ایسوسی ایشن سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ خواب قدرت کا تحفہ ہے، انسان خواب دیکھتا ہے اور تہیہ کرتا ہے کہ سب اچھا ہو ،تاہم اگر خواب کی تعبیر انسان کی سوچ کے برخلاف ہو تو خواب بھی برے لگنے لگتے ہیں, پاکستان ہاکی کا بھی ایسا ہی کچھ حال ہے جس کی بحالی بحیثیت عورت میرا خواب ہے، ہاکی کی بحالی مجھ سمیت میری ٹیم کے لیے ایک چیلنج ہے جس میں سب سے اہم کردار سابق ہاکی اولمپئین حیدر حسین کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور شاہ ولایت اسکول گلبرگ ٹاؤن کے مابین مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ سابق ہاکی اولپئینز سمیع اللہ خان فلائنگ ہارس (ستارہ امتیاز) حنیف خان (ستارہ امتیاز) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ محمد طارق حلیم سْوری (ہلالِ امتیاز) چئیرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان, سابق صدر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن محمد سبطین, معروف اسپورٹس اینکرز مرزا اقبال بیگ, سید یحیٰی حسینی, پرنسپل شاہ ولایت اسکول نذرت امام, مینیجنگ ٹرسٹی شاہ ولایت اسکول اعجاز حسن خان, ایس پی سینٹرل اعجاز الدین, اساتذہ و طلباء و طالبات بھی موجود تھے۔ سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے پہلے کسی بھی قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے گراس روٹ لیول پر اسکول سے پہلا معاہدہ طے کیا ہے۔