بینکوں کو 25 ہزار سے زائد رقم کی ڈیجیٹل منتقلی پر فیس وصولی کی اجازت

201

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک اف پاکستان نے بینکوں کو 25 ہزار سے زائد رقم کی ڈیجیٹل منتقلی پر فیس وصول کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اب ایک بینک سے دوسرے بینک رقم بھیجنا بغیر فیس کی ادائیگی ممکن نہیں ہو گا۔تفصیلات کے مطابق ا سٹیٹ بینک نے2020ء میں کووڈ19کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن کی غیر معمولی صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کے لیے بینکوں اور خدمات کے دیگر فراہم کنندگان کو مارچ 2020 میں ہدایت کی تھی کہ وہ ٹرانزیکشن کے حجم سے قطع نظر اپنے تمام صارفین کو رقوم کی منتقلی (آئی بی ایف ٹی)کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کریں اس کا مقصد ان غیر معمولی طور پر مشکل حالات میں بینکوں کے صارفین کو آن لائن خدمات کے ذریعے اپنی بینکاری ضروریات پوری کرنے میں سہولت دینا اور کووڈ کا پھیلاو روکنے کے لیے ذاتی رابطوں سے گریز کرنا تھا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اس اقدام پر صارفین نے بھرپور ردعمل دیا اور مالی سال21 کی دوسری سہ ماہی میں گذشتہ برس کے مقابلے میں انٹرنیٹ اور بینکاری لین دین میں دگنے سے بھی زائد اضافہ ہو گیا۔ا سٹیٹ بینک اس اقدام پر تمام خدمات کے فراہم کنندگان کی معاونت کو سراہتا ہے جنہوں نے اپنی آپریشنل لاگت وصول کیے بغیر اور آمدنی میں خاصے نقصانات برداشت کر کے عوام کو بین البینک رقوم منتقل کرنے کی خدمات سے بلامعاوضہ استفادے کی اجازت دی۔ یہ امر حوصلہ افزا ہے کہ کووڈ 19 کی صورتحال خاصی بہتر ہو چکی ہے اور کیسوں کی تعداد میں اتار چڑھاؤ کے بعد اب مجموعی حالات ایس او پیز پر مناسب عمل کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندیاں نرم کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔