بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو ریلیف دیا گیاہے،صدر ٹیکس بار

225

سیالکوٹ(کامرس ڈیسک) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدرآفتاب حسین ناگرا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا بجٹ بہترین ہے اور اس میں ٹیکس دہندگان کو ریلیف دیا گیاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکس بار فورم نے ہمیشہ کاروبار کرنے میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کی بات کی ہے۔ وفاقی حکومت نے بارہ ود ہولڈنگ ٹیکسوں کو واپس لیا ہے، اس سے عام آدمی پر ڈبل ٹیکس کا بوجھ کم ہو گا۔ آفتاب حسین ناگرا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بینکوں کے توسط سے لین دین پر 0.6÷ ٹیکس واپس لیا گیا ہے جو عام آدمی کے لئے بھی بڑی راحت ہے۔ انہوں نے موجودہ ٹیکس دہندگان کو مراعات دے کر نئے ٹیکس دہندگان کی تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ، تاکہ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لا کر زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاسکے۔ صدر پی ٹی بی اے نے کہا کہ حکومت نے پچھلے سال تعمیراتی صنعت کو فروغ دیا اور اس بجٹ میں تعمیراتی صنعت کو نمایاں طور پر بہتر بنانے کی کوششیں بھی کی گئیں بڑی تعداد میں صنعتیں براہ راست یا بالواسطہ تعمیراتی صنعت سے وابستہ ہیں،اگر ہم تعمیراتی صنعت کے لئے حکومت کی طرف سے دیئے گئے صنعتی پیکیج پر توجہ دیں تو یہ بجٹ بھی بہتر ثابت ہوگا۔