آٹا مہنگا کرنے سے عوام پس جائیں گے، شاہد رشید بٹ

294

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ۔بجٹ کے بارے میں عوام اور کاروباری برادری کی رائے بدلنے لگی ہے اور احتجاج کا امکان بھی موجود ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے اورآٹے کی قیمت پانچ روپے فی کلو تک کا اضافہ منی بجٹ ہے جس سے بے چینی اورغربت بڑھے گی اور فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ شدیدہو جائے گا۔بجلی کا شعبہ معیشت اور حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے اور ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے ایک بار پھر متعلقہ حکام کی نالائقی کو عیاں کر دیا ہے۔شاہد رشید بٹ نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہوں اس میں ایسی بدترین لوڈ شیڈنگ نا اہلی اور بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ لود شیڈنگ کی وجہ سے عوام بلک رہے ہیں جبکہ متعلقہ افسران حیلے بہانوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔متعلقہ حکام بجلی کے بحران کی وجوہات بتا رہے ہیں مگر کرپشن اور بجلی چوری کے بارے میں خاموش ہیں۔ بحران کی وجوہات بتانے سے عوام کے مصائب میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ پی ٹی آئی کو حکومت میں آئے ہوئے تین سال ہو گئے ہیں مگر ابھی تک پاور سیکٹر کو بہتر بنانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی منہ زور پاور بیوروکریسی کو نکیل ڈالی جا سکی ہے۔