کورونا میں مسلسل کمی ،46 اموات 1119 نئے کیسز رپورٹ

152

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں بتدریج کمی ہورہی ہے اور اس وقت مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 36 ہزار 215 رہ گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 37 ہزار 196 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1119 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 184 ہے جن میں سے 8 لاکھ 87 ہزار 95 شفایاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز کورونا کے قاتل وائرس نے مزید 46 جانوں کی قربانی لے لی، اس طرح اب تک ملک میں 21 ہزار 874 مصدقہ کورونا مریض زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ملک میں اس وقت کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 36 ہزار 215 ہے جو گھروں، اسپتالوں اور کورونا مراکز میں زیر علاج ہیں، فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 494 کی حالت تشویشناک ہے۔علاوہ ازیں پاکستان اور چین کے مابین 2 کروڑ 75 لاکھ سے زائد کورونا ویکسین ڈوز خریداری کے معاہدے طے پاگئے۔ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے چین سے بڑی مقدار میں کورونا ویکسین کی خریداری کرلی ہے، ویکسین میں سائینوفارم، سائینوویک اور کین سائینو شامل ہیں۔قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا ویکسین کی خریداری چین سے کی گئی ہے، چین سے 2 کروڑ 75 لاکھ سے زائد ڈوز خریداری کے معاہدے طے پائے ہیں، چینی کمپنیز سے خام مال اور تیار کورونا ویکسین کی خریداری کی گئی ہے۔