بلیو اکانومی معیشت میں اربوں روپے کا اضافہ کرسکتی ہے، شبلی فراز

173

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی ملکی معیشت کے حجم میں اربوں روپے کا اضافہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس شعبے میں افرادی قوت کی کمی ہے، جس کی بڑی وجہ ملک میں اس شعبے سے متعلق موثر تعلیمی نظام کا نہ ہونا ہے، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک سے اوشینیو گرافی کے شعبے کا آغاز کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو اس اہم شعبے سے روشناس کرایا جا سکے اور اس سے متعلق ضروری تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشینیو گرافی کے دورے کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر نیمتعلقہ حکام کو ایکوا کلچر کی ترویج کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر سمندری حیات کی جدید طریقوں سے افزائش پر کام تیز کیا جائے، اس شعبے میں برآمدات میں اضافہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث ثابت ہوگا۔ شبلی فراز نے کہا کہ عوام کو اس ادارے کی اہمیت اور اس کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کار اور عوام اس سے متعلق کی جانے والی تحقیق سے فائدہ اٹھا سکیں۔ وفاقی وزیر نے لیبارٹریز کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، انہیں ادارے کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔