سندھ حکومت کی خدمات منہ بولتا ثبوت ہیں، مرتضیٰ وہاب

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ الزام دیا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی، صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے، صحت کی سہولیات سے سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام استفادہ کر رہے ہیں، ہم نے کورونا کے انفیکشن کیلیے اسپتال بنایا، شہری کوویڈ انفیکشن ڈیزیز کے اسپتال کو ترجیح دے رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں فرشتے حکومت کر رہے ہیں، شوکت خانم اسپتال میں مفت علاج نہیں ہوتا۔ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بار بار سازش کے تحت کہا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی الزام لگتا ہے کہ ہم صرف سندھ کی بات کرتے ہیں لیکن گمبٹ اور این آئی سی وی ڈی پورے ملک کی خدمت کر رہے ہیں، بلا تفریق ہم نے سب کا مفت علاج کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر کے مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے، یہاں ملک بھر سے 58 لاکھ 56 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا، ان تمام مریضوں کا علاج سندھ کے پیسے سے ہوا، این آئی سی وی ڈی حیدر آباد، مٹھی، سہیون، لاڑکانہ، گھوٹکی، ٹنڈوالہیار و دیگر شہروں میں بھی بنایا، گمبٹ میں ہم وفاق اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں پاکستان کا پہلا ادارہ گمبٹ اسپتال ہے جو جگر گردے کی پیوندکاری کرتا ہے۔ جناح اسپتال کے سائبرنائف وارڈ میں کینسرکے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے 135 شہروں کے مریض کراچی اپنا علاج کروانے آتے ہیں 13 ہزار 75 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔ حیدرآباد میں آپتھومالوجی اسپتال میں شہریوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے، یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ آنکھوں کا اسپتال ہے، اسپتال کیلیے 37 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی، ٹراما سینٹر کیلیے 2 ارب روپے، ایس آئی یوٹی کیلیے6 ارب روپے گرانٹ دی۔