شاہ محمود کی عراقی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

134

انقرہ (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ترکی میں انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خارجہ نے عراقی ہم منصب کے ساتھ ویزوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور زیارات کیلیے عراق جانے والوں کو ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہپاکستان اور عراق کے مابین تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، بغداد میں ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے جلد انعقاد کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلیے کوشاں ہے۔ عراقی ہم منصب نے دورہ پاکستان کی دعوت پر شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا عندیہ دیا۔