اسمبلیوںمیں ہنگامہ آرائی کے پیچھے نااہل وزیراعظم ہیں، سعید غنی

161

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ و پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ چند روز سے قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پس پشت ایک ہی شخص ہے، جو اس ملک کا نااہل اور نالائق وزیر اعظم عمران خان ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز پی ٹی آئی کراچی کے سابق جنرل سیکرٹری سردار عبدالعزیز کی کارکنوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شمولیت اختیار کرنے والے سردار عبدالعزیز نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی کراچی پر صرف چند مفاد پرستوں کا قبضہ ہے اور وہ صرف اپنے ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر سیاست کررہے ہیں۔ میں 12 سال صرف اس امید پر پی ٹی آئی میں شامل رہا کہ میں عوام کی خدمت کرسکوں لیکن اب مجھے احساس ہوا ہے کہ جس انصاف کے نام پر یہ تنظیم بنی وہاں انصاف اور عوام کیلیے کچھ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ عوامی مسائل کے حل کیلیے کیا ہے کیونکہ گزشتہ چند برسوں کے دوران جو ترقیاتی کام ہم کراچی میں دیکھ رہے ہیں اس کی کوئی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔