بھارتی کورونا 80 ممالک تک پھیل گیا‘ عالمی ادارہ صحت

276

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی بھارتی ’ڈیلٹا ویرینٹ‘ اب تک 80 ممالک میں پھیل چکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کورونا سے متعلق تکنیکی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ماریا وان کرخوف کا ایک انٹرویو ٹوئٹر پر جاری کیا گیا،جس میں انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ سمیت کورونا وائرس کی 4نئی اقسام اصل کووِڈ 19 وائرس کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم، جسے ڈیلٹا ویرینٹ کا نام دیا گیا ہے، گزشتہ سال بھارت سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اسی قسم کو بھارت میں کورونا وائرس کی حالیہ اور تیسری لہر کی وجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔ کورونا وائرس کا ڈیلٹا ویرینٹ جس تیزی سے پھیل رہا ہے، اسے دیکھتے ہوئے خطرہ ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر جاری نہ رکھی گئیں تو یہ جلد ہی پوری دنیا میں پھیل سکتا ہے۔ڈاکٹر ماریا وان کرخوف نے اپنے انٹرویو میں خبردار کیا کہ اگر یہ زیادہ آسانی سے پھیل سکتا ہے، تو زیادہ لوگ بھی اس سے تیزی کے ساتھ متاثر ہوسکتے ہیں۔ اگر نظام پر دباؤ بڑھتا رہاتو یہ صحت سے متعلق نظام کے لیے ناقابلِ برداشت صورت حال کا باعث بن سکتا ۔