زراعت کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، محمود خان

309

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، پیداوار میں خود کفیل ہونے کےلیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ سے گفتگو کرنے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں ان سے ملاقات کی اوروزیراعظم کے نیشنل ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام کے تحت صوبے میں زراعت کے شعبے میں جاری اصلاحات اوراقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، زرعی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے اور زراعت کے شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کے لیے خودروزگار ی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں زراعت، لائیوسٹاک، ماہی پروری اور باغبانی کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور صوبائی حکومت ان مواقع کا بھر پور استعمال یقینی بناکر صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے دور رس اقدامات اٹھار ہی ہے۔