عوام کی سہولت کیلیے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل کا آغاز

310

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) احساس کے تمام پروگراموں اور اقدامات سے متعلق معلومات اور خدمات تک رسائی کے حصول کے لیے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یہ ای پورٹل ون ونڈو احساس اقدام کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد عام آدمی کو با اختیار بنانا اور سہولت فراہم کرنا ہے۔ ڈیجیٹل ای پورٹل عوام کو بالخصوص احساس پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر احساس پروگرام سے متعلق پوچھے جانے والے سوالات کی بنیاد پر ہم نے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل تشکیل دیا ہے۔یہ اقدام احساس سے متعلق معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے، جو عوام کو احساس میں اندراج اور فوائد سے مستفید ہونے کے لیے صحیح معلومات سے الیکٹرانک طور پر منسلک کرتا ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کے 14مختلف طبقات کے لیے احساس فوائد اور خدمات کو مربوط کرتا ہے جن میں انتہائی غریب، یتیم، بیوائیں، بے گھر افراد، معذور، بے روزگار، غریب کسان، مزدور، بیمار جنہیں علاج کی ضروت ہو،غذائی قلت کے شکار افراد،کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ، غریب خواتین اور عمر رسیدہ شہری شامل ہیں۔