آزاد کشمیر: فنانس بل منظور نہ ہوسکا‘ بجٹ اجلاس ملتوی

271

مظفر آباد (صباح نیوز) آزاد کشمیر کابینہ کے اجلاس میں فنانس بل منظور نہ ہوسکا، جس کے باعث آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بدھ کے روز بجٹ پیش نہیں کیا جاسکا اور اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور کابینہ نے فنانس بل میں 1 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح مقرر کرنے پر اعتراض کردیا۔وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے ہر حلقہ انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کے لیے 5 کروڑ روپے فی حلقہ خرچ کرنا چاہتی ہے، فنانس بل درست کرنے تک آزاد کشمیر حکومت کا بجٹ ایوان میں پیش نہیں ہوگا۔آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ اور اسمبلی فنانس بل کی منظوری نہیں دے گی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان فنانس بل کے حوالے سے نظر ثانی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ فنانس بل پر عمل درآمد سے ہمارے آمدن کے ذرائع کم ہوجائیں گے۔اس کے بعد اسپیکر اسمبلی نے بجٹ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔اپوزیشن بینچ پر بیٹھے اکلوتے رکن اسمبلی ملک نواز نے اجلاس موخر کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ آج بجٹ اجلاس ہے، آج ہی بجٹ پیش ہونا چاہیے۔