اسپیکرقومی اسمبلی غیرجانبداری برقرار نہیں رکھ سکے‘اپوزیشن

170

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن رہنماﺅں راجا پرویز اشرف، مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مستعفی ہونے کا موقع فراہم کیا ہے‘ فی الحال ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا‘ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس امرکااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا کے استفسار پر کیا۔ راجا پرویز اشرف نے بتایا کہ اپوزیشن کے بے قصور ارکان پر بغیر کسی جواز کے پابندی عاید کی گئی ہے جس کا اپوزیشن نے سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور اس کا جواب تیار کیا گیا ہے۔ متفقہ طور پر مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسد قیصر کو اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے لیے موقع فراہم کیا گیا ہے وہ غیرجانبداری برقرار نہیں رکھ سکے۔ سردار ایاز صادق نے بتایا کہ اپوزیشن ارکان کے خلاف جو کارروائی کی گئی ہے فی الوقت اپوزیشن کے حلقوں میں اس پر مشاورت ہو رہی ہے۔