سہون، شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

248

سہون (نمائندہ جسارت) قیامت خیز گرمی نے زندگی مفلوج کردی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی چیخیں نکلوا دیں، پانی کا بھی بحران شدت اختیار کرگیا، شہر کے کئی محلے پانی کی بوند کو ترس گئے برف اور مشروبات کی مانگ میں ہوشربا اضافہ، پارہ 50 سینٹی گریڈ کو چھو نے لگا۔ سندھ بھرکی طرح سہون میں گرمی کی لہر نے سرکاری اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول کے رکھ دی، ایک طرف محکمہ برقیات کی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنادی تو دوسری طرف محکمہ پبلک ہیلتھ کی طرف سے شہریوں کو پینے کے پانی سے محروم رکھنے پر زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ شہر کے بیشتر محلے پانی کی بوند کو ترس گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حلقہ انتخاب میں بد انتظامی نے عوامی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، عوام مہنگے داموں پانی خرید رہے ہیں، جس کا فائدہ ٹینکر مافیا کو ہورہا ہے جبکہ شدید گرمی کی وجہ سے برف اور مشروبات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے گرمی سے بچنے کے لیے ٹھنڈی چیزوں کے استعمال میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت مزید تین دن رہنے کا عندیہ دیا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر بارہ بجے سے چار بجے تک گھروں سے غیر ضروری نکلنے سے اجتناب کریں۔