ـ6 ماہ میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا،ایس ایم منیر

136

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ،سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ہم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو وزارت تجارت کے ماتحت ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈی جی ٹی او) کی جانبداری اوراپنے عہدے سے انصاف نہ کرنے کے حوالے سے خط تحریر کردیا ہے،میں نے وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ ڈی جی ٹی او نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود ایف پی سی سی آئی کی صدارت کے انتخاب میں یو بی جی کے امیدوار خالدتواب کے حق میں فیصلہ نہ دے کر اپنے آپ کو مشکوک بنالیا ہے بلکہ فیڈریشن پر قابض گروپ کے مفادات کو پورا کرنے کے منصوبے میں شریک ہے ۔انہوں نے ان خیالات گزشتہ شب یو بی جی کے سیکرٹری اطلاعات مرزااختیار بیگ کی جانب سے یو بی جی لیڈران کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،سیکرٹری جنرل ظفربختاوری، خالد تواب،چوہدری امجد اورمیزبان اختیار بیگ نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ملک سہیل حسین،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عارف جیوا،عامرعطا باجوہ، منظورملک،سردار یاسین ملک،عبدالسمیع خان، اکرام راجپوت،نوراحمدخان،شکیل احمدڈھینگڑا،فرخ مظہر،شیخ عمرریحان،صدر کاٹی سلیم الزماں،شاہین الیاس سروانہ،فرحان الرحمان، ارشدجمال،اشتیاق بیگ،عبدالرئوف مختار،زاہدسعید،ممتاز احمد، عمیر بیگ،سلمان اسلم،عمران بیگ اوردیگر بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی معاشی حالت بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں،آئندہ6ماہ میں پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوجائے گا اور ملکی اکنامی مزید بہتر ہوجائے گی ،اکنامی کے انڈیکیٹرز مسلسل مثبت ہو رہے ہیں اور جو صنعتیں خسارے سے دوچار تھیں وہ اب منافع کی جانب جانے لگی ہیں اور جلدہی پاکستان کی تمام ہی صنعتیں منافع میں چلی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ صنعتیں منافع بخش پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، ٹیکسٹائل سیکٹر میں اس وقت بہترین کام جاری ہے اوردیگر سیکٹرز بھی آئندہ چندماہ میں مثبت زون میں آجائیں گے ۔