کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلےے اقدامات کررہے ہیں، گورنر سندھ

147

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے حیدرآباد کی تاجر برادری کے 7 رکنی وفد نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ موجودہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ کاروباری اور معاشی ترقی کو حاصل کرنے کے لیے وفاقی حکومت کاروباری طبقے کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے سبب ملک میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں سست روی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ سے لوگوں کو ملازمتوں میں بھی دشواری کا سامنا رہا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان فطرت کے تحفظ کے لیے سبزبازیافت کا آغاز کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت کا گرین محرک پیکیج پائیدار معاشی نمو کو بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔