کینیڈا: مسجد میں زبردستی داخلے کی کوشش پر 2 افراد گرفتار

273
کینیڈا: پولیس حملہ آور عورت کو گرفتا رکرکے لے جارہی ہے‘ مسجد پر بنایا گیا نازیوں کا نشان نظر آرہا ہے

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا کی پولیس نے زبردستی مسجد میں گھسنے کی کوشش کرنے والے مرد اور عورت کو گرفتار کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاست اونٹاریو کے شہرٹورنٹوکے اسکاربوروایریا میں واقع اسلامک انسٹیٹیوٹ آف ٹورنٹو میں مرداورخاتون نے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی اور مسجد کی انتظامیہ کوخطرناک نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے فوری طورپردونوں کوگرفتارکرلیا، تاہم ملزمان کی شناخت اور ان کے عزائم سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزمان نے دھماکا خیز مواد سے مسجد کو اڑانے کی دھمکی دی تھی،جس پر فوری طور پر پولیس کو بلایا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسجدمیں گھسنے کی کوشش کرنے و الے نشے میں تھے۔ واقعے کے بعد ہیٹ کرائم یونٹ کو بھی مطلع کردیا،جو اس بات کی تحقیق کررہا ہے کہ واقعہ نفرت انگیز ی کا ہے یا نہیں۔ ادھر میئرٹورنٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے واقعات نا قابل قبول ہیں۔ مسلم برادری کے ساتھ مجرمانہ رویہ قابل مذمت ہے۔ حکومت اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ یاد رہے 6 جون کو انتہاپسند نوجوان نے کینیڈا کے شہر لندن انٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو ٹرک تلے کچل دیا تھا،جس کے نتیجے میں 46 سالہ فزیوتھراپسٹ سلمان افضل، اہلیہ مدیحہ سلمان، 15 سالہ یمنیٰ سلمان اور 74 سالہ ضعیف دادی جاں بحق ہوگئیں تھیں۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا تھا۔