دنیا افغان امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے، شاہ محمود قریشی

250

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا افغان امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے، افغانستان پاکستان کے خلاف اور ہم ان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم امن اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا افغان امن کے لیے ہماری کوششوں کو سراہ رہی ہے۔ افغان امن پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگلے چند ہفتے اور مہینے نہایت اہم ہیں، معاملات سلجھ بھی سکتے ہیں اور ان میں بگاڑ بھی آسکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا کا عمل 50 فیصد مکمل ہوچکا ہے، افغان قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے مل بیٹھ کر سیاسی حل نکالیں، انہوں نے کہا کہ جنگ و جدل سے افغانستان میں پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے، حالات 90 کی دہائی کی طرف پلٹتے ہیں تو افغانوں کے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔

پاکستان میں آئے افغان دانشوروں کے وفد سے ملاقات ہوئی، ہم نے ان کے سامنے پاکستان کا نکتہ نظر رکھا، وفد کے سوالات کے مفصل جوابات دیے تاکہ کوئی ابہام نہ رہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا، ہم بھی کسی کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر دونوں اطراف سے اس بات کا احترام ہوتا ہے تو یہ آسانی کا باعث ہوگا۔