کابل: پولیو رضاکاروں پر فائرنگ

301

کابل: افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 پولیو رضاکار جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق افغان صوبے ننگرہار میں منگل کے روز نامعلوم مسلح افراد کی   فائرنگ سے پانچ پولیو رضاکار جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق  دو مختلف مقامات پر انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کو نشانہ بنایا گیا  جبکہ مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ پولیو رضاکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ننگرہار میں پولیو مہم کےسربراہ ڈاکٹرجان محمد کا کہناتھا کہ جلال آباد میں پولیو کیخلاف ویکسین مہم کا آج دوسرا روز تھا، تاہم اب تین ماہ بعد شروع ہونے والی پولیو مہم دوبارہ معطل کرنا پڑے گی۔

انہوں نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید بتایا کہ پولیو رضاکاروں کو جلال آباد اور ننگر ہار صوبوں میں علیحدہ مقامات پر نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ  فائرنگ کے واقعات صبح دس بجے کے وقت پیش آئے اور حملہ آور اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان کے تمام صوبوں میں گزشتہ روز سے پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت پانچ سال اور اُس سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤں کے قطرے پلائے جائیں گے۔

گورنر ننگرہار کا کہناتھا کہ پولیو ویکسین پلانے والے رضاکاروں پر حملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور  فائرنگ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔