کرسٹیانو رونالڈو کی معمولی حرکت کی وجہ سے کوکا کولا کو 4 ارب ڈالر کا نقصان

570

بڈاپیسٹ: پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا دیں۔

تفصیلات کے مطابق یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ میں 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے بوداپسٹ پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے میز پر رکھی ٹورنامنٹ اسپانسرز کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا کر ایک طرف رکھ دیں اور پانی کی بوتل اٹھا کر پرتگالی زبان میں کہا ایگوا۔۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو کوکا کولا کے بجائے پانی پینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

رونالڈو کے اس عمل کے بعد کوکا کولا کے شیئرز غیرمعمولی حد تک گر گئے اور سافٹ ڈرنک کی مارکیٹ ویلیو 242 ارب ڈالر سے 238 ارب ڈالر پر چلی گئی۔

کوکا کولا کمپنی جو یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ کو سپانسر کر رہی ہے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر کسی کو اپنے ذائقے اور ضرورت کے مطابق اپنے لیے مشروب کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔

یوروز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو پریس کانفرنس کے دوران پانی کے ساتھ ساتھ کوکا کولا اور کوکا کولا زیرو بھی پیش کی جاتی ہے۔سوشل میڈیا پر بھی رونالڈو کا یہ ویڈیو کلپ وائرل ہے اور صارفین کی بڑی تعداد ان کے اس عمل کو مثبت پیغام قرار دیتے ہوئے سراہ رہی ہے۔