وفاق و صوبائی بجٹ کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں‘ گورنر پنجاب

212

لاہور (نمائندہ جسارت) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ کی منظوری میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ۔اپوزیشن کے بجٹ منظور نہ ہونے کے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔الحمد للہ معاشی میدان میں پاکستان کامیابی کے راستے پر گامزن ہوچکا ہے ۔پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے 5ارب سے زائد کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔ موجودہ حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔وہ منگل کے روز ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاﺅں 515گ ب میں سرکاری سکول کی نئی عمارت ،چک 289گ ب پیر محل میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے فلٹر یشن پلانٹ،بی ایچ یو چک 149اور زرعی یونیورسٹی فیصل ٹوبہ ٹیک سنگھ کیمپس میں سولر سسٹم کے افتتاح کے موقعہ پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر ایم این اے ریا ض احمد فتیانہ،ایم پی اے سعید احمد سعدی ،مر کزی نائب صدر چودھری اشفاق اور حاجی محمد رمضان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تمام اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں، جس کی بنیاد پر حکومت اپوزیشن کے تمام عزائم کو ناکام بنائے گی۔