میرپورخاص، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس ہیڈ کانسٹیبل قتل

145

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص میں نامعلوم افراد فائرنگ کر کے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو قتل کر کے فرار ہوگئے، پولیس نے قتل کے شبے میں خاتون سمیت چار افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی، ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ اور تدفین کردی گئی۔ میرپورخاص غریب آباد تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل ذوالفقار سومرو کو نامعلوم افراد درگاہ امیدن بھریو کھپرو روڈ پر فائرنگ کر کے قتل کر کے فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق صبح آٹھ بجے ڈیوٹی کے دوران ایک فون کال آنے کے بعد وہ تھانے سے نکلے تھے کہ راستے میں گھات لگا کر بیٹھے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، سر میں گولیاں لگنے کے باعث ہیڈ کانسٹیبل موقع پر ہی فوت ہوگئے، لاش فوری طور پر سول اسپتال لائی گئی، جہاں سے قانونی کارروا ئی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب غریب آباد پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل کے قتل کے شبہ میں دیہہ 110 ایک میں خاتون سمیت چار افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی جبکہ شہید ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ اقصیٰ مسجد گلشن کالونی میں ادا کی گئی اور تدفین آبائی قبرستان میں مکمل اعزاز کے ساتھ کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ایس ایس پی فیصل بشیر میمن اور دیگر پولیس افسران اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔