سندھ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں پر شیلنگ قابل مذمت ہے، منور جتوئی

274

میہڑ (نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ منور جتوئی، فیاض چانڈیو، دیدار کھوسو، سلمان چانڈیو، سرمد جتوئی، طالب چانڈیو اور دیگر نے احتجاجی ریلی نکال کر نیشنل پریس کلب میہڑ کے سامنے دھرنا دیا۔ کارکنان نے پلے کارڈ اور پارٹی کے پرچم اٹھا کر بحریہ کے مالک اور سندھ حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب میہڑ کے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک ریاض جو آصف زرداری اور سندھ سرکار کے آشیرواد سے 30 ہزار سے زائد سندھ کی زمین پر قبضہ کیا اور پرامن احتجاج پر شر پسند لوگوں نے آگ لگا کر کارکنان اور سندھ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں پر شیلنگ کی جبکہ بلاوجہ ایڈووکیٹ ایاز لطیف پلیجو سمیت تمام قوم پرست رہنمائوں پر مقدمے درج کرکے ناانصافی کی گئی جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ ملک ریاض کیخلاف کارروائی کرکے ایاز لطیف پلیجو اور دیگر رہنمائوں ورکروں پر جھوٹے مقدمے ختم کرکے تمام قوم پرست رہنمائوں کے گھروں سے پولیس اہلکاروں کو ہٹا کر سندھ کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جائے۔