حیدرآباد ،ایڈیشنل آئی جی اچانک سول اسپتال پہنچ گئے ،مریضوں سے ملاقات

249

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ڈاکٹرجمیل احمد نے سول اسپتال حیدرآباد پہنچ کر اسپتال انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کے ہمراہ اسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس جنرل ٹو شوکت لاکھو، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن،، اے ایم ایس ڈاکٹر علی نواز عباسی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ اپنے دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اور علاج معالجے کی صورتحال دریافت کرنے کے بعد مسرت کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر جمیل احمدسول اسپتال پہنچے تو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ اور ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا جن میں چلڈرن ایمرجنسی، پیڈز وارڈز، پیڈز آئی سی یو، پیڈز نرسری، انٹرونشنل کارڈیالوجی، میڈیکل آئی سی یو، سرجیکل آئی سی یو، گیسٹرو انٹرالوجی یونٹ، سی سی ٹی وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور ڈائیلائسز وارڈ شامل ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس ڈاکٹر جمیل احمد نے کہاکہ مجھے اسپتال پہنچ کر خوشی ہوئی ہے، سول اسپتال حیدرآباد سندھ کے شہریوں کو بہترین تشخیص اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کررہا ہے، اسپتال میں کورونا وائر س کیخلاف جنگ میں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا کردار لازوال ہے، مجھے حیرت ہے کہ اس قدر صاف ستھرا اور جدید سہولیات سے آراستہ یہ اسپتال ہے یہاں آنے سے قبل میرے ذہن میں اس کا تاثر یہ تھا کہ یہ پرانا اور بوسیدہ اسپتال ہوگا۔ ایڈیشنل آئی جی نے کارڈیالوجی کیتھ لیب میں مریضوں کو پیس میکر لگانے کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی نے اے آئی جی پولیس ڈاکٹرجمیل احمد کو بتایا کہ آئی سی یو میں مریض کے پہنچنے کے بعد وہ ہمارے حوالے ہوتا ہے اور اس کے ساتھ کسی رشتے دار کو رہنے کی اجازت نہیں ہوتی، جہاں مریضوں کو ادویات کے علاوہ تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ امراض قلب، انجیو گرافی، انجیو پلاسٹی، کارڈک پیس میکر لگانے کے علاوہ تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں، جبکہ کارڈک سرجری میں بھی تمام مریضوں کو مفت اسٹنٹ لگائے جاتے ہیں جو نجی اسپتالوں میں فی اسٹنٹ ایک لاکھ روپے میں لگایا جاتا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ سول اسپتال حیدرآباد میں عالمی معیار کا آئی سی یو اور مختلف وارڈوں میں یومیہ 19سو سے زائد مریض داخل رہتے ہیں جبکہ او پی ڈی میں یومیہ 11ہزار مریض علاج کیلیے آتے ہیں۔