جیکب آباد ،کارکی ٹکر سے بچہ جاں بحق،خاتون خانہ کی خودکشی

149

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے کمسن بچہ جاں بحق،ڈرائیور فرار، خاتون خانہ کی خودکشی ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے تھانہ اے سیکشن کی حدود بائی پاس روڈ پر تیز رفتار کار نے روڈ کراس کرتے ہوئے 14 سالہ اسداللہ ولد صابر ڈول کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ کار ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہوگیا۔ بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے ضروری کارروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا۔حدود کی پولیس کے مطابق کار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کروادی گئی ہے،کار ڈرائیور جیکب آباد سے باہر نہیں جا سکتا،جاںبحق بچے کے ورثا سے انصاف کیا جائے گا۔دوسری جانب جیکب آباد صدر تھانہ کی حدود گاؤں عرض محمد پہنور میں 25 سالہ خاتون ریشماں زوجہ محمد علی سولنگی نے گھریلو پریشانیوں کے باعث زہریلی دوا کھا کر خودکشی کرلی ،اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش سول اسپتال منتقل کی مقتولہ کے ورثا کوئٹہ میں ہونے کے باعث پوسٹ مارٹم نہ ہوسکی، پولیس کے مطابق خاتون نے زہریلی چیز کھا کر خود کشی کی ہے اصل حقیقت پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی کہ قتل ہے یا خودکشی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔