جھڈو ،بے امنی عروج پر ،چوری و ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ

257

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو میں دن دہاڑے لاکھوں روپے کی ڈکیٹی،نامعلوم نقاب پوش ڈکیت گھر میں گھس کر سود کا کاروبار کرنے والے ریٹائر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر ادھومل کو رسیوں سے باندھ کر لاکھوں روپے کا سونا اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جھڈوکے وارڈ نمبر 8ہائی اسکول روڑ پردن دہاڑے دو نامعلوم نقاب پوش افرادنے گھر کے ایک حصے میں بنائے گئے آفس کا دروازہ بجایا اور دروازہ کھلنے پر اندر داخل ہوکر کہاکہ وہ سود پر پیسے لینے آئے ہیں 70سالہ سابق ویٹرنری آفیسرجو مالک مکان ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کوٹ سے جھڈو آکراسی آفس نما کمرے میں سونے کے زیورات رکھ کر سود پر پیسوں کے لین دین کا کام کرتا ہے کو رسیوں سے باندھ کر دروازے پر کنڈی لگادی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد الماری میں موجود لاکھوں روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے ۔دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کے بعد ڈاکٹر ادھومل کے شور مچانے پر اہل محلہ جمع ہوگئے اور انہیں رسیوں سے آزاد کروایا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جھڈو اور ایس ایچ او جھڈو جائے واردات پر پہنچ گئے ۔اس موقع پر ڈاکٹر ادھومل نے واردات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ نقاب پوش ڈکیتوں نے انہیں رسیوں سے باندھ کر ان کی الماری میں رکھا ہوا لاکھوں روپے کا سونا اور نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے،واضح رہیکہ ڈاکٹر ادھومل ہفتہ میں ایک دن اسلام کوٹ سے جھڈو آتے ہیں اور لین دین کے بعد واپس اسلام کوٹ لوٹ جاتے ہیں، دن دہاڑے محلے میں ڈکیتی کی واردات کی خبر سن کر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا،شہری حلقوں نے دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہیکہ شہری اب گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہے پولیس گشت بڑھانے کے ساتھ جرائم پیشہ پرنظر رکھے۔دوسری جانب پولیس افسران کا کہناہیکہ تفتیش جاری ہے جلد حقائق تک پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔