سکھر،جعلی ڈومیسائل بنانے والا گروہ بے نقاب،ایک گرفتار،ساتھی فرار

177

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں جعلی ڈومیسائل بنانے والا گروہ بے نقاب ایک ملزم گرفتار ،ساتھی فرار ،ملزم کے قبضے سے مختلف محکموں کی جعلی اسٹمپس برآمد ،مقدمہ درج، سکھر میں لوگوں کو سکھر ضلع کے جعلی ڈومیسائل بنانے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے یہ انکشاف گھوٹکی ضلع کی تحصیل خانگڑھ کے مکین نوجوان محمد اسماعیل نے سکھر کے ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش ہوکر کیا۔ اس نے بتایا کہ میں خانگڑھ سے نقل مکانی کرکے کچھ عرصے سے روہڑی تحصیل کے علاقے ڈنڈی میں رہائش پذیر ہوں گزشتہ دنوں شناختی کارڈ میں اپنا ایڈریس تبدیل کروانے کیلیے میں نادرا آفس گیا تو انہوں نے مجھے اپنا ڈومیسائل ڈی سی آفس سکھر سے تصدیق کرانے کے لیے کہا جس پر میں یہاں آیا توڈومیسائل چیک کرایا تو وہ جعلی نکلا ہے میں نے یہ ڈومیسائل تین ہزار روپے دیکر پندرہ دن میں نیم کی چاڑی پر واقع ایک اسٹامپ وینڈر سے بنوایاہے مذکورہ شخص کے اس انکشاف پر ڈپٹی کمشنر سکھر محمد جاوید نے فوری طور پر مختارکار سٹی کو کارروائی کا حکم دیا جس پر مختارکار سٹی بابر بلو نے پولیس اور عملے کے ہمراہ سکھر کے علاقے نیم کی چاڑی پر کارروائی کرتے ہوئے بغیر لائسنس اسٹامپ وینڈری کرنے والے ایک شخص نصرت حسین شاہ کے اسٹال پر چھاپا مارا اور اسے گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی امتیاز میمن فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا گرفتار ملزم کے قبضے سے ریونیو،سیپکو ،تعلیم و دیگر محکموں کے افسران کی جعلی مہریں برآمد کرلیں اور اس کے اور اس کے فرار ساتھی کے خلاف بی سیکشن تھانے پر مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔