ٹنڈو محمد خان، جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں

136

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) پولیس کا جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، چار ملزمان گرفتار، 3 کلو 182 گرام چرس اور 40 لیٹر دیسی شراب برآمد، مقدمات درج۔ ایس ایس پی عابد بلوچ کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں تیز کیے جانے والے احکامات پر عمل کرتے ہوئے چیک پوسٹ بخاری کے انچارج نے دوران پیٹرولنگ ستر موری لنک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے چرس فروش ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1928 گرام چرس برآمد کرتے ہوئے سٹی پولیس اسٹیشن ٹنڈو محمد خان میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، پولیس اسٹیشن ٹنڈو غلام حیدر کے ایس ایچ او نے دوران پیٹرولنگ نذر محمد قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم صابر علی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 1200 گرام چرس برآمد کرکے پولیس اسٹیشن ٹنڈو غلام حیدر میں مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس اسٹیشن سٹی ٹنڈو محمدخان کے ایس ایچ او نے دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان عبداللہ عرف ابو سٹھیو اور علی مراد سولنگی کو گرفتار کر کے 40 لیٹر دیسی شراب برآمد کرتے ہوئے سٹی پولیس اسٹیشن ٹنڈو محمد خان میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔