نئے صنعتی زون کا قیام عمل میں لائیں گے ، جام اکرام دھاریجو

183

کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبہ خصوصا صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے، اس سے قبل بھی سندھ حکومت نے صنعتی علاقوں کے ڈیولپمنٹ بورڈ کے تعاون سے ترقیاتی کام کیے ہیں جس میں صنعتی ایسو سی ایشنز کو فنڈز بھی جاری کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی مزید فنڈز دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ حکومت اور صنعتی ایسوسی ایشنز مل کر صنعتی علاقوں کی بہتری کے لیے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ یہ بات صوبائی وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام دھاریجونے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر سلیم الزماں کی جانب سے کاٹی اور یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پرکاٹی اور یو بی جی کے عہدیداران، کاٹی کے سابق صدور وچیئرمین، مجلس عاملہ کے اراکین، صنعتکار ودیگر بھی موجود تھے۔وزیر صنعت نے کہا کہ صنعتکاروں کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لے کر ان کو موثر بنایا جائے گا۔ وزیر صنعت نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نئے صنعتی زون کے قیام کو عمل میں لائیں تاکہ انڈسٹریلائزیشن کے عمل کو فروغ حاصل ہو سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایم منیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا اب سندھ حکومت سے امید ہے کہ بجٹ میں بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے ریلیف پیش کریںگے۔ موجودہ بجٹ مجموعی طور پر اچھا اور متوازن ہے۔ انہوں نے صدر کاٹی کی خدمات سراہتے ہوئے کہا کہ کاٹی کے صدر سلیم الزماں کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، سلیم الزماں دن رات محنت کرکے صنعتی علاقوں کے مسائل اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔