اوور سیز پاکستانی نے احسن اقبال کو 2 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

194

اسلام آباد (آن لائن) اوورسیز پاکستانی کی طرف سے مسلم لیگ(ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے حالیہ متنازع بیان پر انہیں معافی مانگنے اور 2 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپین سے تعلق رکھنے والے محمد عارف تارڑ نے احسن اقبال کو قانونی نوٹس میں کہا ہے کہ بطور سیکرٹری جنرل ن لیگ آپ نے 12 جون کو لاہور میں پریس کانفرنس میں ملک کے سیاسی و مقامی معاملات کے حوالے سے سمجھ بوجھ سے متعلق اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے خلاف توہین آمیز بیان جاری کیا، آپ نے ناانصافی پر مبنی تنقید اور اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق نفرت کا اظہار کرکے ان کی توہین کی ہے، پاکستانی کمیونٹی ملک کی کمزور معیشت کو مدد دینے کیلیے زرمبادلہ بھیجتی ہے، وہ اس کے عوض نفرت اور توہین آمیز بیانات کے بجائے بہتر سلوک کی مستحق ہے، آپ کا بیان مضحکہ خیز ہے اس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا ہے لہٰذا آپ اپنے بیان پر معافی مانگیں اور 14 روز کے اندر ایڈوانس 2 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کریں ورنہ آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔