گورنر ہائوس سندھ حکومت پر غیر اعلانیہ حملے کیلیے استعمال ہوا‘ ر ضار بانی

91

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلزپارٹی کے سینئررہنماسینیٹر میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ سندھ میں گورنر ہائوس صوبائی حکومت پر غیر اعلانیہ حملے کے لیے استعمال ہوا،گورنر وفاق اورصوبے میں سہولت کار کا کردار ادا نہیں کرسکتا ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے سندھ میں آرٹیکل 140 اے لگانے کے بیان پر ردعمل میں سینیٹر میاںرضا ربانی نے کہاکہ وفاقی حکومت کا سندھ میں آرٹیکل 140 اے کے نفاذکا مطالبہ ڈھونگ ہے، پی ٹی آئی نے پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی سیٹ اپ کو ختم کردیا جہاں ان کی اپنی صوبائی حکومتیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت فروری میں ختم کردی،آئین کے مطابق حکومت بلدیاتی حکومت کے ختم ہونے کے6 ماہ کی مدت میں دوبارہ انتخابات کرانے کی پاپند ہے،5ماہ گزرنے کے باوجود حکومت نے بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق کوئی اقدام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بحال نہیں کیا،پنجاب حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی۔اسی طرح کے پی کے میں بھی بلدیاتی نظام کو پی ٹی آئی نے ختم کیا۔وفاق پنجاب اور کے پی کے میں بلدیاتی حکومت نہیں ہے اس لیے آرٹیکل 140 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔