محمد حسین محنتی سے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے وفد کی ملاقات

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور جدوجہد ضرور ایک دن رنگ لائیں گی اور وادی کشمیر پر آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا۔ آزاد کشمیر کے عوام 25 جولائی کو قانون ساز اسمبلی کے ہونے والے انتخابات میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ جماعت اسلامی کی دیانتدار و جرأت مندقیادت ہی نہ صرف عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی بلکہ جدوجہد آزادی کشمیر کی منزل کو قریب کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں راجا شعیب احمد کی زیر قیادت جماعت اسلامی دھیر کوٹ آزاد کشمیر سے ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ وفد نے امیر صوبہ کودھیر کوٹ سمیت آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کی سیاسی و تنظیمی صورتحال اور 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ انتخابات اور سیاسی حکومت قائم کرنے کی جدوجہد بھی دعوت دین کا کام ہے۔ آزاد کشمیر میں جماعت اسلامی کی تعلیم، صحت سمیت ریلیف کے میدان میں خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ اب یہ وہاں کے لوگوں کا امتحان ہے کہ وہ عوام کا خون نچوڑنے اور کشمیر کاز کا سودا کرنے والوں کو ایک بار پھر قوم پر مسلط کرتے ہیں یا پھر نڈر، دیانتدار اور کشمیر کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑنے والوں کو کامیاب کر تے ہیں۔