فلور ملز پر اور چوکر پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے،فلور ملز ایسوسی ایشن

213

پشاور (آن لائن) آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی ایگزیکٹو باڈی کا ہنگامی اجلاس ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حالیہ وفاقی بجٹ میں فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس اور چوکر پر سیل ٹیکس کی رعایت ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جسسے یکم جولائی سے آٹے کا 20 کلو تھیلا 90 روپے مہنگا ہوجائے گا جس سے عوام کا شدید ردعمل سامنے آنے کا خدشہ ہے ۔ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں احتجاج کے لیے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کا وفد ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد نعیم بٹ کی قیادت میں پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کے ساتھ مشترکہ ہنگامی پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گیا ہے ۔ وفاقی بجٹ میں فلور ملز انڈسٹری پر ٹیکس بڑھانے کے لیے احتجاج کے لئے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا ۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں فلور ملز انڈسٹری پر ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ واپس لینے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کو خط لکھ دیا گیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ ٹیکس بڑھنے سے یکم جولائی سے جو آٹے کا تھیلا مہنگا ہوگا عوام کے شدید ردعمل کے پیش نظر فیصلہ واپس لیا جائے ۔لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد آل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین بدر الدرین کاکڑ کی صدارت میں چاروں صوبائی چیئرمین پنجاب کے چیئرمین عاصم رضا خیبر پختونخوا کے چیئرمین محمد نعیم بٹ، سندھ کے چیئرمین حاجی محمد یوسف اور بلوچستان کے چیئرمین عبدالواحد وڑائچ نے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ چوکر پر17 فیصد اورفلور ملز پر ٹرن اوور1.25 فیصد ٹیکس فوری طور پر ختم کیا جائے۔