چیئرمین نیب ملازمت میں توسیع کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں،ن لیگ

184

اسلام آباد‘لاہور(آن لائن+آئی این پی + نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کے مر کزی ر ہنما وسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب مدت ملازمت میں توسیع کے لیے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان چیئرمین نیب کو ملازمت میں توسیع دیں گے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب جعلی کیس ختم کریں، یہ تماشا لگانا چھوڑ دیں، کیا حکومت کے کیس چیئرمین نیب کو نظر نہیں آتے، میرے کیس میں سرکاری گواہ نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل سے ملک کا کوئی نقصان نہیں ہوا جب کہ چینی اسکینڈل میں ایف آئی اے کے گواہ نے بھی اپنے ادارے کے خلاف بیان دیا۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ کا یہ عالم ہے وفاقی وزیر جھوٹ بول کر چلے جاتے ہیں، اگر وفاقی وزیر کو بجٹ کا معلوم نہیں تھا تو پاس کیسے ہوا؟ اعداد و شمار کا ادارہ آزاد ہوتا ہے جسے وزارت خزانہ کے زیرسایہ کیا جا رہا ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 3 منٹ تقریر کی تو حکومتی بینچو ں پر آگ لگ گئی، تاریخ میں پہلی مرتبہ وزرا نے ہلڑ بازی کی ہے،کل اسپیکر خود ہلڑ بازی میں شامل ہو جائیں گے کیونکہ ان میں شرم ختم ہو چکی ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن)کی سینئر رہنما ورکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے گزشتہ روزمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیکہا کہ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے انتخاب میں آج آئین اور قواعد کی دھجیاں اڑائی گئیں ، اپوزیشن کی امیدوار فوزیہ وقار کامیاب ہوئیں لیکن سیکرٹری اور چیئرپرسن نتائج کے اعلان سے پہلے فرار ہوگئے ،یہ11ووٹ کا الیکشن برداشت نہیں کرسکتے، 22کروڑ عوام کے ووٹ کا الیکشن کیسے برداشت کریں گے؟ یہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے قانون پر کاربند ہیں۔دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کا نوٹس ابھی شہباز شریف کو ملا نہیں خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ یہ ایف آئی اے نیازی گٹھ جوڑ کا دیا گیا نوٹس ہے۔ شہباز شریف کو ایف آئی اے کے نوٹس کے معاملے پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اس لیے ہوا کہ عمران خان صاحب ناراض ہیں، جن مافیاز سے ڈاکا ڈلوایا گیا ان کو این آر او دیدیا گیا ہے،عمران خان کی ناراضگی عوام کے مسائل بتانے پر ہے،حکومت تحریری معاہدہ کرنا چاہتی تھی کہ عمران خان کی تقریر میں اپوزیشن احتجاج نہ کرے،شہباز شریف کو ایف آئی اے کا نوٹس اس معاہدہ کو تسلیم نہ کرنے پر دیا گیا، شہباز شریف آپ کے جھوٹے اور جعلی بجٹ کو بے نقاب کریں گے،وزرا اور کرایے کے ترجمان آج مشکل میں ہیں ،عمران خان نے حکم دیا کہ شہباز شریف کو تقریر نہ کرنے دی جائے،عمران خان صاحب بجٹ تقریر کے دوران لگنے والے نعروں پر بہت غصہ میں ہیں،اپوزیشن نے احتجاج کیا کیونکہ عوام دشمن بجٹ ہے،یہ عمران صاحب کی اے ٹی ایمز ،مافیاز اور کارٹلز کا بجٹ ہے۔