الہ دین پارک میں تجاوزات گرانے کیخلاف دکاندار سڑکوں پر نکل آئے

582

سپریم کورٹ کے حکم پر الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کےلیے مشینری پہنچا  دی گئی تاہم دکاندار مظاہرین نے مرکزی گیٹ بند کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے مشینری پہنچا دی گئی تاہم دکانداروں نے پارک کا مین گیٹ بند کر کے احتجاج شروع کردیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے تجاوزات  کے خاتمے کا حکم دیاتھا، دکانیں توڑنے کا نہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سےہماری دکانیں لیز  پرہیں، انہیں گرانے نہیں دیں گے۔

مظاہرین نے راشد منہاس روڈ بلاک کر کے احتجاج شروع کردیا ہے جب کہ پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے۔

سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ بشیرصدیقی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے لیے 5 ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں، الہ دین پارک میں قائم پویلین اور شاپنگ مال توڑنے میں ماہ لگ سکتا ہے، الہ دین پارک کے احاطے میں کمرشل سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔

بشیرصدیقی نے کہا کہ آج ہر حال میں آپریشن کر کے کل رپورٹ جمع کرائیں گے،الہ دین پارک کے احاطے  میں قائم ساڑھے 400 سے زائد دکانوں کوگرایاجائے گا،الہ دین پارک  کے احاطے میں قائم پویلین میں 4سے 5عمارتیں ہیں۔