میرپورخاص،شہر کے مختلف مقامات پر ویکسی نیشن سینٹر کا قیام

181

 میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کورونا مرض سے محفوظ رہنے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر کورونا ویکسین سینٹرقائم کر دیے گئے،ویکسین لگانے والے افراد کو بغیر مہر کے کارڈ دیا جاتا ہے جس پر مہر لگانے کے لیے شہر سے تین کلو میٹر دور ڈی ایچ کیو اسپتال جانا پڑ تا ہے جہاں عملہ کا رویہ ویکسین لگانے والوں کے ساتھ ہتک آمیزہ ہوتا ہے ویکسین لگانے والے دربدر۔ تفصیلات کے مطابق کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے میرپورخاص کے ڈی ایچ کیو اور سول اسپتال میں کورونا ویکسین لگائی جارہی تھی اور اب عوام کی سہولت کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سیٹلائٹ ٹائون اور بلدیہ شاپنگ سینٹر کے اوپری منزل پر بھی کورونا ویکسین سینٹر پربھی یہ سہولت فراہم کی جانے لگی ہے۔ اس حوالے سے پیر اوصاف جان سرہندی اور جنید قریشی سمیت دیگر نے بتایا کہ ہم نے اپنے گھر والوں کو ویکسین سینٹر پر لے جا کروہاں ویکسین لگائی جبکہ اس کے کارڈ کے کے لیے ہمیں پہلے ڈی ایچ او دفتربھیجا گیا اور وہاں سے ہمیں ڈی ایچ کیو اسپتال روانہ کیا گیا شدید گرمی میں وہاں گئے تو وہاں کے عملے کا کہنا تھا کہ ہم نے تو ویکسین کے لیے کوئی موبائل سروس شروع نہیں کی آپ کس سے لگوا کر آگئے ہیں جس پر کافی تکرار کے بعد انہیں کسی نے بتایا کہ یہ لوگ درست کہے رہے ہیں آپ لوگ تصدیق کرلیں اس کے بعد انہوں نے کارڈ پر مہر لگا کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ او میرپورخاص کا یہ کام تھا کہ اس حوالے سے تمام ہیلتھ عملے کو آگاہ کرتے تاکہ عوام کو در بدر کی ٹوکریں نہ کھانا پڑتی اور جہاں ویکسین لگائی جارہی ہے کارڈ پر مہر بھی وہی پر لگائی جائے تو بہتر ہوگا کیونکہ عوام کو تین کلو میٹر دور جانا پڑتا ہے جس سے عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔