انور پیلس اور راول محل کی انکوائری کرائی جائے ،سینیٹر سیف اللہ ابڑو

237

سکھر( نمائندہ جسارت )پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سہیل سیال کے انور پیلس اور شرجیل میمن کے راول محل کی انکوائری کرائی جائے،سنا ہے بلاول زرداری انور پیلس واپس لے کر عوام میں بانٹیں گے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے،اگر بلاول زرداری اچھے کام کریں تو خراج تحسین پیش کریں گے، لیکن ابھی تک بلاول زرداری نے کوئی اچھا کام نہیں کیا، پتا نہیں کیا مجبوری ہے۔روہڑی میں پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے نادرن ریجن سندھ کے صدر سید طاہر حسین شاہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور گورنر سندھ نے مجھے یہاں بھیجا ہے،بلاول زرداری کا اسد طور کے پاس جانا اچھی بات ہے، ان کا کہنا تھا کہ اجے لالوانی اور عزیز میمن بے گناہ مارا گیا ان کے ورثا کے پاس بھی جائیں، اگر بلاول زرداری اچھے کام کرے تو خراج تحسین پیش کریں گے،ابھی تک بلاول زرداری نے کوئی اچھا کام نہیں کیا، پتا نہیں کیا مجبوری ہے۔ سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ دس ارب سے زائد ایک سال میں نوجوانوں کو لون ملا ہے، ہم نے ایک کروڑ 43 لاکھ لوگوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ کیے ہے، فرزانہ راجا انکم سپورٹ کی سربراہ تھی، اب پاکستان میں نہیں، انہوں نے سیکرٹری اور افسران کو بسپ میں فائدہ دیا، ان کی حکومت میں دالیں بھی امپورٹ ہوتی تھیں، ڈالرز میں ہم خریدتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ 12 ایکڑ زمین والے کاشتکار کو دو فصلوں پر تین لاکھ بلا سود قرضہ دیا جائے گا،ہمارا فوکس زراعت کی ترقی ہے، سی پیک میں نواز لیگ حکومت نے سندھ کو نظرانداز کیا، ہماری حکومت نے سکھر حیدرآباد موٹروے کا منصوبہ منظور کیا جلد کام شروع ہوگا۔ سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ سہیل سیال کے پاس 2008ء سے پہلے کچھ نہیں تھا اب ان کے محل میں ہیلی پیڈ ہے، مہنگائی کا تعلق عالمی صورتحال سے ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ ارسا ممبر کو اغوا کیا گیا، وہ ممبر خود میڈیا پر کیوں نہیں آتے،ڈاکوؤں نے اے پی سی چڑھ کر گالیاں دیں وہ سب بھلا دیا، کچے کا آپریشن دبانے کے لیے انہوں نے پانی کا اشو اٹھایا، سندھ پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، صحافی ہو چاہے سیاستدان اگر مخالفت کرے گا ان کے خلاف پولیس کو استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحریا ٹاؤن کے خلاف یہ کارروائی نہیں کریں گے، یہاں پر پانی کی تقسیم شفاف نہیں ہو رہی،محبت واہ سے وسان فیملی کی زمینیں ہے، عام لوگوں کے لیے پانی بند ہے، ان کا کہنا تھا کہ اجے لالوانی کو بے دردی سے قتل کیا گیا، اجے لالوانی قتل کے خلاف لانگ مارچ میں میری شرکت کرنا فرض تھی، جب تک اجے لالوانی قتل کا انصاف نہیں ملتا ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔