میرپورخاص ،آبادگاروں کا ٹیل تک پانی نہ پہنچنے کیخلاف احتجاج

243

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) 52ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمین کی کمانڈ ایریا رکھنے والی پران ڈسٹری کے واٹر کورسوں میں ریٹ اڑنے لگی ، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی نہ ہونے کی وجہ سے تباہ ،پران ڈسٹری کے سیکڑوں آبادگاروں کا ٹیل میں پانی نہ پہنچنے اور بڑے پیمانے پر شاخ سے پانی چوری ہونے کے خلاف ڈائریکٹر نارا کینا ل کے دفتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا آبپاشی افسران کے خلاف آبادگاروں کی شدید نعرے بازی۔ اس موقع پر عملہ دفتر سے غائب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمڑائو کینا ل سے نکلنے والے قدیمی شاخ پران ڈسٹری ٹیل کے سیکڑوں کاشتکاروں نے پران ڈسٹری کے ٹیل میں پانی نہ پہنچنے اور شاخ میں وارہ بندی اور مڈمیں پانی چوری کے خلاف ڈائریکٹر نارا کینال میرپورخاص کے آفس پر زبردست مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ۔آبادگاروں کی جانب سے آبپاشی افسران کے خلاف شدیدنعرے بازی کی گئی ۔اس موقع پر آفس کا عملہ دفتر سے غائب ہو گیا، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے آباد گار رہنما جاوید رمدان اور نصیر رمدان سمیت دیگر نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے ہماری شاخ کے ٹیل میں پانی نہیں پہنچ رہا ہے پران ڈسٹری سے 52ہزار ایکڑ زمین آباد کرنے کے علاقوں لاکھوں لوگوں کو پینے کا پانی ملتا ہے گزشتہ دوسال سے آبپاشی حکام کی جانب سے ٹیل میں پانی نہ پہنچنے کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں سوکھ کر تباہ ہو رہی ہیں اور اور آبادگاروں کا کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران اور عملہ ہماری پران شاخ کا پانی فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیل کے واٹر کورسوں میں پچھلے کئی ماہ سے ریت اڑ رہی ہے ہم پچھلے تین ماہ سے افسران کو تحریری طور پر اور زبانی بھی شکایا ت کی ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی ہے آبپاشی سسٹم میں پانی موجود ہونے کے باوجود ہمیں پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پران شاخ کی ٹیل میں پانی کی فراہمی اور پانی کی چوری کو روک کر پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔