بجٹ میں غریب عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں، اصلاح الدین شیخ

599

سکھر (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں اشیاء خورونوش، بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کیخلاف جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام بندر روڈ پر شہریوں کی کثیر تعداد نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کی قیادت میں علامتی پھانسی دیکر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور وفاقی حکومت کے عوام دشمن بجٹ کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں وفاقی حکومت ،ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری ، پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خورو نوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے کے خلاف تحریری پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مظاہرین میں شامل اصلاح الدین شیخ، غیاث الدین قادری، خیر محمد قریشی، احمد انصاری، بشیر منگھنار، مبارک علی، طارق خان، وقار الدین شیخ و دیگر شہریوں کا کہنا تھا کہ موجود حکومت نے نئے پاکستان کے نام پر جو بجٹ پیش کیا ہے، اس بجٹ میں پاکستان کے غریب عوام کے لیے کسی قسم کا ریلیف نہیں ہے، ایسا لگتا ہے وفاقی حکوت نے عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا کر نیا پاکستان تو نہیں بلکہ نیا قبرستان بنایا ہے انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متوسط طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے، بجٹ میں عوام کو اشیاء خورونوش، بجلی، گیس و پیٹرولیم مصنوعات میں کوئی ریلیف نہیں، ملک کا پڑھا لکھا نوجوان طبقہ بے روزگاری کے باعث خودکشی کررہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، ملک میں ناقص پالیسیوں کی بدولت افراتفری کا عالم ہے، غریب بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔