دھابیجی، مضر صحت پکوان آئل کی بھٹی پر چھاپا،ملزمان فرار

146

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی پولیس کی کارروائی، مکان کے اندر مردہ جانوروں کی ہڈیوں اور چربی سے تیار کیے جانے والے مضر صحت پکوان آئل کی بھٹی پر چھاپا مار کر سیکڑوں لیٹر تیل برآمد کرکے تحویل میں لے لیا، ملزمان فرار۔ ایس ایچ او دھابیجی غلام علی لاکھو نے نفری کے ہمراہ بلال نگر نئی آبادی میں ایک بند مکان کا تالا توڑ کر اندر موجود گھی کے ڈبوں میں بھرا سیکڑوں لیٹر مضرصحت پکوان آئل تحویل میں لے کر مکان کو سیل کردیا جبکہ ملزمان چھاپے سے قبل ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مذکورہ مکان میں بھٹی لگا رکھی تھی، جہاں پر مبینہ طور پر مردہ جانوروں کی چربی اور ہڈیوں سے مضر صحت پکوان آئل بناکر ہوٹلوں اور دکانوں پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ ایس ایچ او دھابیجی غلام علی لاکھوں کے مطابق مضر صحت کاروبار کرنے والے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔