ملتان سلطانز نے پشاور زلمی باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا

223

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے 21ویںمیچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی،31 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کرنے پر شاہنواز دھانی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی شاندار کارکردگی،انہوں نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔مطلوبہ ہدف ملتان سلطانزکی ٹیم نے 21 گیندیں قبل حاصل کر لیا،محمد رضوان اور صہیب مقصود نے 116 رنز کی مضبوط شراکت داری قائم کی۔محمد رضوان نے 2 چھکوں اور9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے جبکہ صہیب مقصود نے 31 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی انکی اننگز میں 5 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ20 اوورز کے کھیل میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔پشاور زلمی کے اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے اپنی ٹیم کے لیے 71 رنزکا آغاز فراہم کیا کامران اکمل نے 35 جبکہ حیدر علی نے 28 رنز بنائے۔شیر فین رتھر فورڈ نے 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر نے 22 رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بلیسنگ مزار بانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔