رام مندر کے چندے میں خردبرد‘ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

119

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی کانگریس پارٹی نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے ملنے والے چندے کی عدالتی تحقیقا ت کا مطالبہ کردیا۔ کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چندے کی رقم میں زبردست دھوکا ہوا ہے اور مندرکی تعمیر کے لیے ملنے والے چندے سے کم قیمت کی زمین کو بھاری قیمت پر خریدا گیا ہے۔ اس غبن میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے کئی رہنما برابر کے حصے دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہے کہ مندرکے لیے 2کروڑ روپے کی زمین کو 18.5 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے۔ چند منٹ کے سودے کے دوران رقم حیرت انگیز رفتار سے بڑھی اور ہر سیکنڈ میں 5.5 لاکھ روپے اضافہ ہوا۔ مندرکی تعمیر کے لیے جو رقم جمع ہوئی، عدالت عظمیٰ کو چاہیے کہ اس کی تفتیش کرائے۔ دوسری جانب رام جنم بھومی ٹرسٹ کے سیکرٹری چمپت رائے نے الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ نے مارکیٹ ریٹ سے بہت کم قیمت پر زمین خریدی ہے۔ واضح رہے کہ رام مندر کی تعمیر اسی جگہ پر ہو رہی ہے، جہاں کبھی بابری مسجد ہوا کرتی تھے، جو 1992ء میں شہید کردی گئی تھی۔