اردوان کی مختلف ممالک کے سربراہوں سے ملاقات

204
برسلز: تُرک صدر رجب طیب اردوان امریکی ہم منصب جوبائیڈن سے ملاقات کررہے ہیں

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرک صدر رجب طیب اردوان نے برسلز میں ہونے والے نیٹو کے اجلاس کے دوران کئی ممالک کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق اپنے دورئہ برسلز کے دوران انہوں نے سب سے پہلے فرانسیسی صدرعمانویل ماکروں اور ان کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقاتیں کیں۔ صدر اردوان امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی ملیں گے،جس کے بعد ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس سے قبل انہوں نے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان، لتھوانیا کے صدر گیتاناس ناسودہ اور لٹویا کے صدر ایگلز لیوٹس سے علاحدہ علاحدہ ملاقاتیں کی تھیں۔ برسلز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تُرک فوج عراق، قفقاز سے بلقان، بحیرہ اسود سے بحیرہ روم اور افریقا تک دنیا کی حفاظت کے لیے پہرا دے رہی ہے۔ ترکی اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بین الاقوامی قوانین، انصاف باہمی حقوق اور مفادات کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے پڑوسی اور اتحادی یونان کے ساتھ بات چیت بحال کرنا خطے کے استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہ دہشت گردی استحکام کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور ترکی نیٹو سمیت تمام تر متعلقہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پہلی صف میں شامل ہے۔ تُرک فوج کُرد علاحدگی پسندوں، داعش اور فیتو جیسی کئی تنظیموں کے خلاف اندرون و بیرون ملک بر سرِ پیکار ہے۔