اردن: بغاوت کے 2ملزمان پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ

139

عمان (انٹرنیشنل ڈیسک) اردون کی حکومت نے اپریل میں ہونے والی بغاوت کے سلسلے میں 2ملزمان پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شریف حسن زید اور باسم عواد اللہ کو شاہ عبداللہ کے خلاف بغاوت کا منصوبہ بنانے کے الزام میں اپریل کے اوائل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان دونوں پر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے مظاہروں کا منصوبہ بنانے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ملزمان میں سے ایک شاہ عبداللہ کا دور کا رشتے دار اور دوسرا شاہی عدالت کا سابق سربراہ ہے۔ ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی آیندہ ہفتے شروع ہو گی۔ 2ماہ قبل ہونے والی بغاوت کے دوران حکومت نے سابق ولی عہد شہزادہ حمزہ کو گرفتار کیا تھا،تاہم انہیں شاہ عبداللہ کے ساتھ وفاداری کا باضابطہ اعلان کرنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔ شہزادہ حمزہ نے شاہ عبداللہ کے ساتھ وفاداری کے عہد نامے پر دستخط کیے اور اپنے اختلافات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد 20 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ بغاوت کے بعد سعودی عرب اور امریکا سمیت مشرق وسطی کے بیشتر ممالک نے شاہ عبداللہ کی حمایت کی تھی۔