گورنر راج کی بات فواد چودھری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے

140

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصرحسین شاہ نے خورشید شاہ کے بیٹے کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج کی بات کرنا فواد چودھری کی ذہنی پسماندگی کی عکاسی ہے۔پیرکووزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے جاری بیان میں کہاکہ سید خورشید شاہ کے بیٹے سید فصیح شاہ کی گرفتاری اور خورشید شاہ کی فیملی کے ساتھ جتنی زیادتی ہوئی ہے وہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کس منہ سے سندھ میں بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ سندھ میں بلدیاتی اداروں نے اپنی مدت مکمل کی ہے اور نئے انتخابات کیلیے کام شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کیا عمران حکومت نے پنجاب، کے پی کے اور بلوچستان میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے دیا؟ پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی اداروں کو وقت سے پہلے تحلیل کر دیا۔ ناصر شاہ نے کہا کہ پنجاب میں عدالت کے حکم پر بلدیاتی ادارے بحال کیے گئے۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی حکومت پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو کام کرنے نہیں دے رہی۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کو آئین، قانون اور جمہوری روایات کا کچھ پتا نہیں۔ پی ٹی آئی کے وزرا جو منہ میں آتا ہے وہ بول دیتے ہیں۔