پولیس بھیس میں وارداتیں کرنے والے گروہ سمیت 67 گرفتار

303

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران پولیس کے بھیس میں وارداتیں کرنے والے 3رکنی گروہ گینگ سمیت 67ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات ، چھینی گئی10 موٹر سائیکلیں اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ پولیس نے زکریا گوٹھ میں چھاپہ مار کارروا ئی کے دوران خاتون سمیت 3ملزمان ماریہ، فرحان خان اور سعید احمد کو گرفتار کرکے جدید اسلحہ، کیش، پولیس یونیفارمز، موبائل فونز اور منشیات برآمد کرلی ۔ملزمان آئس سمیت مختلف اقسام کے نشے کے عادی ہیں اورپولیس کا یونیفارم پہن کر ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کا اعتراف کیا،مزید پوچھ گچھ کیلیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، برآمد اسلحہ فارنزک کیلیے بھیجا جائیگا۔سولجربازار پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی،راہزنی و چھینا جھپٹی و موٹر سائیکل چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے کارندے راکیش ولد جیوا کو گرفتار کرلیا،ملزم عادی جرائم پیشہ مجرم ہے، موٹر سائیکلیں چوری کرکے لوٹ ماری و چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں استعمال کرتے ہیں دوران انٹروگیشن ملزم نے انکشافات کیے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ATM سے کیش لیکر نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے ہیں۔جمشید کوارٹر پولیس نے 300سے زائد موٹر سائیکل چھیننے والے شانی لفٹر گینگ کے سرغنہ شان عرف شانی سمیت 5 ملزم یونس،میاں رحیم شاہ،شبیر احمد اور محمد اسد کو گرفتار کرکے ،ملزمان کی نشاندہی پر 10 موٹر سائیکلیں پولیس نے قبضے میں کرلیں۔موٹر سائیکلیں ملزمان نے مختلف علاقوں سے چوری کی تھیں، گارڈن پولیس نے دوران پیٹرولنگ نان کسٹم تھان کی اسمگلنگ کرنے والے ملزم شاہ ولد سید روہان شاہ کو گرفتار کر کے نان کسٹمز65 تھان برآمد کیے گئے۔ چاکیواڑہ، نیپئر ، کلاکوٹ اور نبی بخش پولیس نے 8 اسٹریٹ کریمنل موٹرسائیکل لفٹر اور منشیات فروش گرفتارکر لیے۔شریف آ بادپولیس نے دو اسٹریٹ کریمنل ، پاپوشنگر پولیس نے گٹکاماوا فرو ،سمن آباد پولیس نے رکشا چور کو گرفتار کرکے 24 گھنٹوں کے اندر مسروقہ رکشہ برآمد کر لیا۔