سکھر،بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دینے کیخلاف عوام سراپا احتجاج

94

سکھر (نمائندہ جسارت)وفاقی حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں اشیا خورونوش،بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے کے خلاف جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام بندر روڈ پر شہریوں کی کثیر تعداد نے جناح ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اصلاح الدین شیخ کی قیادت میں علامتی پھانسی دیکر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور وفاقی حکومت کے عوام دشمن بجٹ کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے ہاتھوں میں وفاقی حکومت ،ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، بے روزگاری ، پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافے کے خلاف تحریری پلے کارڈ اٹھا رکھے۔ اس موقع پر مظاہرین میں شامل اصلاح الدین شیخ، غیاث الدین قادری ، خیر محمد قریشی ، احمد انصاری ، بشیر منگھٹار ،مبارک علی ، طارق خان ، وقار الدین شیخ و دیگر شہریوں کا کہنا تھا موجود حکومت نے نئے پاکستان کے نام پر جو بجٹ پیش کیا ہے اس بجٹ میں پاکستانی کے غریب عوام کے لیے کسی قسم کا ریلیف نہیں ہے ایسا لگتا ہے وفاقی حکوت نے عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرا کر نیا پاکستان تو نہیں بلکہ نیا قبرستان بنایا ہے انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متوسط طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے ٹھوکریں کھا نے پر مجبور ہے، بجٹ میں عوام کو اشیاء خورونوش، بجلی ،گیس و پیٹرولیم مصنوعات میں کوئی ریلیف نہیں، ملک کا پڑھا لکھا نوجوان طبقہ بے روزگاری کے باعث خودکشی کررہا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے، ملک میں ناقص پالیسیوں کی بدولت افراتفری کا عالم ہے، غریب بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان کے غریب عوام کے لیے ہے، اگر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مہنگائی کی جارہی ہے تو سب سے پہلے ملک کے سیاستدانوں اور بیورو کریٹ افسران کی تنخواہ میں کمی کی جائے تو ان شاء اللہ پاکستان خود بخود مسائل اور بحرانوں سے نکل آئے گا اور یہ ملک ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا مذکورہ رہنمائوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں، انہیں غریب عوام کی پریشانیوں کا کوئی خیال نہیں ہے ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں ، سرکاری افسران مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے بجائے اپنے پرستائش دفاتروں سے باہر نکلنے کو تیار نہیں ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو فی الفور کنٹرول کرتے ہوئے بجٹ میں بجلی، گیس، اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی کرکے غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔