آزاد کشمیر انتخابات میں فوج ایف سی اور رینجرز تعینات ہونگی،الیکشن کمیشن

216

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں 25جولائی 2021ء کو ہونے والے انتخابات کے موقع پر امن او امان برقرار رکھنے کے لیے فوج ، ایف سی اور رینجرز کی تعیناتی ہماری پہلی ترجیح ہے ۔ چیف سیکرٹری اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔ سرکاری ٹی وی کے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد کے حساب سے فورسز لگائی جائے گی 2016ء کے انتخابات میں17 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کل جماعتی کانفرنس 15 جون کو طلب کی تھی تاہم 15 جون کو بجٹ اجلاس کی وجہ سے اب یہ کانفرنس ملتوی کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات میں 45اراکین قانون ساز اسمبلی کے لیے آزاد کشمیر سے 28لاکھ 17ہزار 90ووٹرز اور مہاجرین جموں وکشمیر مقیم پاکستان سے 4 لاکھ 2 ہزار 441ووٹر ز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ عام انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے حالیہ قانون سازی کی منشا کے مطابق ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے۔ کسی بھی امیدوار کے حق میں یا خلاف کسی بھی قسم کے سرکاری وسائل کا استعمال انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہو گی۔ سیکرٹری سروسز اس امر کو یقینی بنانے کے ذمے دار ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ الیکشن ایکٹ 2020 ء کے تحت اب ہمیں توہین عدالت کی کارروائی کا بھی اختیار حاصل ہے۔