اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے ہرادیا

151

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے20ویںمیچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی۔آصف علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاتح ٹیم کے فاسٹ بولر موسیٰ خان نے3 جبکہ لیگ اسپنرز شاداب خان اور فواد احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔153 رنز کے تعاقب میں 55 رنز کی افتتاحی شراکت کے باوجود لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 124 رنز پرڈھیر ہوگئی۔ اوپنرز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر کے علاوہ صرف حارث رؤف ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔فخر زمان 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 44 جبکہ سہیل اختر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے‘ حارث رؤف نے 17 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے موسیٰ خان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔ شاداب خان اور فواد احمد نے بالترتیب 14 اور 27 رنز دے کر 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔